لاہور: (روزنامہ دنیا) امریکی ریاست ہوائی کے سمندر میں پہلی بار ایک نہایت نایاب نسل کی مچھلی دیکھی گئی ہے جسے ڈولفن اور وہیل کی مخلوط قسم کی نسل کہا جارہا ہے۔
یہ جاندار جسے عوامی طور پر ’’وولفن‘‘ کہا جارہا ہے، وہیل کی ایک قسم میلن ہیڈڈ وہیل سے مشابہت رکھتی ہے مگر ماہرین کے مطابق یہ تکنیکی طور پر ڈولفن ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ ایک الجھی ہوئی صورتحال ہے اور اسے وولفن کا نام دینا اس صورتحال کو مزید الجھا دینے کے مترادف ہے۔ ان کے مطابق وولفن کا نام 1985 میں دکھائی دی جانیوالی ایسی ہی ایک دوغلی نسل کی مچھلی کو دیا گیا تھا جو وہیل اور ڈولفن دونوں کی خصوصیات رکھتی تھی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ نایاب نسل سمندر میں جینیات کے تنوع کی طرف اشارہ کرتی ہے۔ آبی حیات پر تحقیق کرنیوالے ایک پروفیسر کا کہنا ہے کہ دو الگ نسل کے جانداروں جیسی خصوصیات رکھنے والا جاندار وجود میں آسکتا ہے تاہم یہ کہنا غلط ہے کہ یہ ایک نئی نسل کا آغاز ہے۔ ماہرین کے مطابق مخلوط نسل وجود میں آنے کا عمل اس وقت پیش آتا ہے جب کسی ایک جاندار کی آبادی میں کمی واقع ہونے لگے۔ اس نقطے کو نظر میں رکھتے ہوئے ماہرین یہ بھی جاننے کی کوشش کر رہے ہیں کہ آیا اس علاقے میں وہیل یا ڈولفن کی آبادی میں کمی واقع ہوئی ہے یا نہیں۔