لاہور: (روزنامہ دنیا) جرمنی میں گٹر کے ڈھکنوں پر ابھرے ڈیزائنز سے ٹی شرٹ پرنٹ کرنے کا منفرد رجحان فروغ پانے لگا ہے۔ کئی افراد اس طرح کی ٹی شرٹ باقاعدگی سے فروخت کرکے کمانے بھی لگے ہیں۔
مغربی ممالک میں گٹر یا مین ہول کے ڈھکن پر بہت سے خوبصورت ڈیزائن بنے ہوتے ہیں اور یہ فنکار انہیں استعمال میں لاتے ہیں۔ سب سے پہلے یہ کام برلن کی خاتون ڈیزائنر ایما فرانس ریف نے شروع کیا تھا اور انہوں نے اپنے گروپ کا نام ’’روب ڈرکرن‘‘ رکھا تھا۔ انہوں نے کپڑے کے بیگ، ٹی شرٹس اور دیگر اشیا پر گٹر کے ڈیزائن چھاپے جو بہت مقبول ہوئے اب ان کی ٹیم پورے یورپ میں گھوم کر مین ہول پر رنگ کرکے ان کے ڈیزائنز لباس اور شرٹ پر منتقل کررہی ہے۔
ایما اپنے والد کے ساتھ 2006 سے یہ کام کر رہی ہیں اور برلن کے علاوہ لزبن، ایمسٹرڈیم اور دیگر شہروں میں جاکر وہ وہاں سیمنٹ کے ڈیزائن اور مین ہول کے نقوش چھاپ کر ٹی شرٹس فروخت کر رہی ہیں اس پراجیکٹ میں وہ شہروں میں ماحول دوست نکاسی آب اور دیگر سہولیات کا بھی جائزہ لیتی ہیں اس کے علاوہ ایما دوسرے لوگوں کو یہ کام سکھانے کیلئے ورکشاپس بھی منعقد کرتی ہیں جہاں ان کی ٹیم دیگر افراد کو یہ ہنر سکھاتی ہے۔