لندن: (روزنامہ دنیا) برطانوی جوڑے نے اپنی نا قابل یقین قسمت کے باعث پھٹے ہوئے لاٹری ٹکٹ سے 5 کروڑ 79 لاکھ پاؤنڈ کی رقم جیت لی۔
تفصیلات کے مطابق سکاٹ لینڈ کے شہر ابرڈین کے نزدیک واقع ایک گاؤں میں مقیم فریڈ ہیگنز اپنا لاٹری کا ٹکٹ چیک کروانے قریبی سپر سٹور پر گئے جہاں سٹور پر موجود سائئن گرانٹ نامی 18 سالہ نوجوان نے ٹکٹ لاٹری مشین سے چیک کرنے کے بعد پھاڑ کر کچرے کے ڈبے میں ڈال دیا جس پر انہوں نے ٹکٹ پھاڑنے کی وجہ پوچھی تو نوجوان نے بتایا آپ کے ٹکٹ پر کوئی انعام نہیں نکلا تاہم اسی دوران لاٹری مشین سے ایک کاغذ باہر نکلا جس پر تحریر تھا کہ مذکورہ ٹکٹ کو سنبھال کر رکھا جائے۔
لاٹری مشین چلانے والے نوجوان نے پھٹا ہوا ٹکٹ کچرے کے ڈبے سے نکال کر فریڈ کے حوالے کردیا جس کے اگلے روز فریڈ اور ان کی اہلیہ لیزلی ہیگنز کو 5 کروڑ 79 لاکھ 75 ہزار 367 پاؤنڈ کی خطیر جیتنے کی ناقابل یقین خوش خبری ملی۔ فریڈ کا کہنا تھا مجھے یقین نہیں آرہا کہ میں اتنا خوش قسمت ہوں جس نے گھر بیٹھے کروڑوں پاؤنڈ کما لئے۔