لاہور(نیٹ نیوز) بھارت میں سونے کے شوقین ''گولڈن بابا'' کے گلے میں پڑے زیورات میں ہر سال یاترا کے بعد اضافہ ہو رہا ہے۔ اس بار یاترا سے واپسی پر زیورات کا وزن 20کلو تک پہنچ گیا ہے۔
بھارتی مارکیٹ میں جس کی مالیت 6 کروڑ روپے سے زائد بتائی جاتی ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق گولڈن بابا کے نام سے مشہور سدھیر مکّر کے شوق کا یہ عالم ہے کہ وہ 20 کلو گرام سونے کے زیورات پہنے رکھتا ہے جبکہ سونے کی جیکٹ بھی اُس کے استعمال میں رہتی ہے۔
سونے سے اس قدر لگاؤ کے ساتھ ساتھ گولڈن بابا 27 لاکھ روپے مالیت کی رولیکس گھڑی بھی پہنتا ہے جبکہ بی ایم ڈبلیو سمیت کئی قیمتی گاڑیاں بھی اُس کی ملکیت میں ہیں۔ گولڈن بابا کا کہنا ہے کہ سونے کیلئے اُس کی محبت کبھی ختم نہیں ہوگی۔
گولڈن بابا کا مزید کہنا ہے کہ وہ آخری سانس تک سونا اپنے ساتھ رکھے گا اور دنیا سے جاتے وقت اپنے پسندیدہ شاگرد کے حوالے کر دیگا۔ ہندو روحانی پیشوا بننے سے پہلے گولڈن بابا نئی دہلی کے علاقے گاندھی نگر میں کپڑے اور پراپرٹی کا کاروبار کرتا تھا اب وہ غازی آباد کے علاقے اندرا پورم میں لگژری فلیٹ کا مالک ہے۔