لاہور (نیٹ نیوز ) ملک میں ایماندار لوگوں کی کوئی کمی نہیں ، اس کی زندہ مثال اس وقت دیکھنے میں آئی جب ایک کوڑا چننے والے لڑکے نے ایک خاتون کا کھویا ہوا پرس تمام نقدی ، کریڈٹ کارڈز اور دیگر قیمتی اشیا کے ساتھ واپس لوٹا دیا۔
محمد عباد الرحمٰن نامی شہری نے سوشل میڈیا پر اپنے اکائونٹ پر اس سچے اور سبق آمیز واقعے کی تصویر اور ویڈیو بھی شیئر کی ہے جس میں پرس واپس لے کر آنے والا لڑکا واقعے کی حقیقت سے آگاہ کر رہا ہے ۔
عباد الرحمٰن اپنی اہلیہ کے ساتھ عید کی چھٹیوں میں گھر سے گھومنے کیلئے نکلے تو راستے میں ان کی اہلیہ نے اپنا پرس کہیں گرا دیا جس میں نقدی ، کریڈٹ کارڈز اور دوسرا ضروری سامان موجود تھا۔ خاتون کا یہ پرس راستے میں کوڑا چننے والے ایک لڑکے کو ملا جس کو کئی دوستوں نے مشورہ دیا کہ وہ پرس میں موجود رقم اپنے پاس رکھ لے اور خالی پرس کہیں پھینک کر اپنی جان چھڑائے۔ مگر اس نے ایسا نہیں کیا اور پرس میں موجود خاتون کے شناختی کارڈ کی مدد سے اس کے گھر کا پتہ ڈھونڈتے ہوئے اس تک پہنچ گیا۔
خاتون نے اس لڑکے سے اپنا پرس واپس لے کر اس کا شکریہ ادا کیا اور انعام کے طور پر اسے کچھ رقم بھی تحفے میں دے دی۔