الینوئے: (روزنامہ دنیا) کسی بھی فوج کو آپریشن کے دوران فوری سکونت کے لیے بیرک نما جگہ درکار ہوتی ہے اور تھری ڈی پرنٹر سے کم خرچ اور قلیل وقت میں فوجی بیرک بنا کر سپاہیوں کی مدد کی جاسکتی ہے اور ایسی عسکری بیرک کا ایک نمونہ امریکی ریاست الینوئے میں بنایا گیا ہے۔
ایم سی ایس سی نے عسکری انجینئر کی مدد سے یہ بیرک بنائی ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اگر لکڑی سے یہ بیرک بنائی جائے تو اس کے لیے 10 فوجیوں کو مسلسل پانچ دن تک کام کرنا پڑتا جبکہ روبوٹ نے یہ کام صرف دو روز میں مکمل کیا اور ایک کنکریٹ بیرک تیار کر لی۔
اس بڑے تھری ڈی پرنٹر کے نلکی نما پائپ سے سیمنٹ خارج ہوتا ہے اور متحرک پلیٹ فارم سے ہموار انداز میں دیواریں بنائی جاتی ہیں تاہم کھڑکیاں اور چھت فوجی انجینئرز کو خود بنانا پڑیں گی۔ اس طرح کم افرادی قوت کے ساتھ مؤثر انداز میں بیرک، مکانات اور دفاتر تعمیر کیے جاسکتے ہیں۔ فوجی بیرک کے علاوہ تھری ڈی پرنٹر قدرتی آفات اور حادثات کی صورت میں فوری طور پر کم خرچ مکانات کی تعمیر میں استعمال کیے جاسکتے ہیں۔