کابل: (روزنامہ دنیا) چارلی چپلن کا کردار لوگوں کے لبوں پر مسکراہٹ بکھیرنے کے حوالے سے مشہور ہے لیکن آج کل ایک افغان چارلی چپلن کی بھی دھوم ہے جو جنگ زدہ ملک میں لوگوں میں خوشیاں تقسیم کرنے میں مصروف عمل ہے۔
افغانستان کے دارالحکومت کابل میں مقیم ایک سٹینڈ اَپ کامیڈین کریم آسر ،چارلی چپلن کا روپ دھارے لوگوں کے چہروں پر ہنسی لانے کیلئے جگہ جگہ پرفارم کرتے ہیں۔ ان کا حلیہ بالکل چارلی چپلن کی طرح ہوتا ہے جس کی وجہ سے انہیں افغان چارلی چپلن کا لقب دیا گیا ہے۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق کریم آسر کا کہنا ہے کہ میرا مقصد بالکل سادہ ہے، میں چاہتا ہوں کہ افغان شہریوں کے چہروں پر بھی مسرت ہو۔ کریم آسر کا کہنا تھا چارلی چپلن کے دیوانے پوری دنیا میں ہیں کیونکہ وہ لوگوں کی مدد کرتا ہے، اُن کے دکھوں کا مداوا کرتا ہے اور ان کی مسکراہٹ کا باعث بنتا ہے اور میں بھی یہی کرتا ہوں۔