مانٹریال (نیٹ نیوز ) کینیڈا کے شہر مانٹریال میں 18 ملکوں کے وزراء خارجہ کا اجلاس ہوا۔ اس اجلاس کی اہم بات یہ ہے کہ اس میں شرکت کرنے والی تمام خواتین وزراء تھیں۔ کینیڈا کی وزیر خارجہ کریسٹیا فریلانڈ نے کانفرنس کے افتتاحی سیشن سے خطاب کیا۔
دو روز تک جاری رہنے والے اجلاس میں سیاسی محاذوں پر خواتین کی رسائی میں مشکلات، اقتصادی اور سماجی مسائل اور ہمارے معاشروں میں خواتین کی ترقی کے امکانات، لیڈنگ مراکز میں خواتین کی نمائندگی، جمہوریت کا فروغ، امن وآشتی کا فروغ اور خواتین پر تشدد کی روک تھام جیسے موضوعات سر فہرست تھے۔
اس موقع پر خطاب میں فریلانڈ کا کہنا تھا کہ ہم خواتین کو مردوں کے مساوی حقوق دلوانے کے لیے جدو جہد کررہے ہیں۔ ہم خواتین چونکہ فیصلہ سازی کے عمل میں بھی شریک ہیں، اس لیے ہمارے معاشرے طاقت ور، ہماری معیشت مضبوط، ہمارا متوسط طبقہ زیادہ ترقی پذیراور خوش حال اور ہمارے ممالک زیادہ پرامن ہیں۔ ان کا اشارہ یورپی ممالک کی طرف تھا۔
اجلاس سے یورپی یونین کی خارجہ امور کی سربراہ فیڈریکا موگرینی نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں فری لانڈ اور موگرینی کے علاوہ 17 ممالک انڈورا، بلغاریا، کوسٹاریکا، کروشیا، جمہوریہ ڈومینکین، گھانا، گوئٹے مالا، ھنڈورس، انڈونیشیا، کینیا، نامبیا، ناروے، پاناما، جنوبی افریقا، روانڈا، سانٹا لوسیا اور سویڈن کی وزراء خارجہ نے شرکت کی۔