لاہور(نیٹ نیوز ) گو آج کے دور میں کلین شیو کا رواج عام ہو گیا ہے مگر روایت پسند نوجوان آج بھی مونچھیں رکھنا پسند کرتے ہیں اور کچھ نوجوانوں کی تمنا ہوتی ہے کہ مونچھیں لمبی اور گھنی ہوں تا کہ انہیں تاؤ دینے کا لطف بھی آئے۔
ایسے نوجوانوں کیلئے اس بھارتی شہری کی مثال ضرور دلچسپی کی حامل ہو گی جس کی مونچھیں اتنی لمبی ہیں کہ جو دیکھتا ہے بس دیکھتا ہی رہ جاتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق 58 سالہ گردھار ویاس کا تعلق بھارتی ریاست راجستھان کے شہر بکندر سے ہے ۔
گردھار کا کہنا ہے کہ وہ اپنی مونچھیں 1985 سے بڑھا رہا ہے اور اسے یقین ہے کہ دنیا بھر میں اس جیسی لمبی مونچھیں کسی اور کی نہیں ہیں۔ اس کی مونچھوں کی کل لمبائی 22 فٹ ہے اور وہ ان کی دیکھ بھال پر روزانہ تین گھنٹے صرف کرتا ہے۔
اپنی لمبی مونچھوں کا راز بیان کرتے ہوئے گردھار نے بتایا کہ جاگتے ہی میں پہلا کام یہ کرتا ہوں کہ اپنی مونچھوں کو بستر پر پھیلا دیتا ہوں پھر سرسوں کے سادہ تیل سے ان کی مالش کرتا ہوں۔ یہ مالش مکمل کرنے میں تقریباً دو گھنٹے لگتے ہیں۔
سادہ تیل سے مالش کرنے کے بعد میں سرسوں کے تیل میں لیموں کا رس اور مرچیں ملا کر اس سے مونچھوں کی دوبارہ مالش کرتا ہوں جس میں مزید ایک گھنٹہ لگتا ہے اور اس مساج سے مونچھوں کے بال تیزی سے بڑھتے ہیں۔