راجستھان: (ویب ڈیسک) گردھر ویاس کا تعلق راجستھان کے علاقے بیکانیر سے ہے اور اس کی مونچھوں کی کل لمبائی 22 فٹ ہے اسی وجہ سے وہ پورے علاقے کی مشہور شخصیت بن چکا ہے اور لوگ اس کے ساتھ تصاویر کھنچواتے ہیں۔ گردھر گزشتہ 30 برس سے اپنی مونچھوں کو بڑھا رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بھارت میں 58 سالہ سرکاری ملازم نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کی مونچھیں دنیا میں سب سے طویل ہیں اور وہ روزانہ 3 گھنٹے مونچھوں کی دیکھ بھال پر صرف کرتا ہے۔
گردھر ویاس کو یقین تھا کہ اس کی مونچھیں ایک دن اتنی طویل ہوجائیں گی کہ دنیا بھر میں ایک نیا ریکارڈ قائم ہوگا۔ اس سے قبل طویل ترین مونچھوں کا ریکارڈ رام سنگھ نے قائم کیا تھا جس کی مونچھیں ساڑھے 18 فٹ طویل تھیں۔ گردھر ویاس کا اعتراف ہے کہ یہ شوق آسان نہیں اور بہت توجہ چاہتا ہے۔
صبح بیدار ہونے کے بعد وہ اپنی مونچھیں بستر پر پھیلا دیتے ہیں اور ان پر دو گھنٹے تک خاص تیل لگاتے ہیں۔ پھر شام کو وہ لیموں میں کالی مرچ ڈال کر مونچھوں پر لگاتے ہیں تاکہ وہ نرم رہیں۔ وہ سال میں ایک مرتبہ مونچھوں کو دھوتے ہیں لیکن کوئی شیمپو استعمال نہیں کرتے۔