ماسکو: (ویب ڈیسک) روس کے شہر ’زے وٹنی‘ میں گھروں کے باہر ایسی درجنوں گڑیا پائی گئیں اور لوگوں نے کہا ہے کہ انہیں دیکھ کر نہ صرف وحشت ہورہی ہے بلکہ ان کا بلڈ پریشر بھی بڑھ رہا ہے۔ اسکول یونیفارم پہنی بعض گڑیا کو گھر کے باہر کیلوں سے بھی ٹھونکا گیا ہے۔
روس کے ایک چھوٹے سے شہر میں راتوں رات درجنوں پراسرار گڑیا نمودار ہوئی ہیں جنہیں دیکھ کر لوگ خوف زدہ ہوگئے ہیں، بعض گڑیا اسکول یونیفارم میں ہیں۔ ان میں سے بعض گڑیاؤں پر سوئیاں چبھوئی گئی ہیں بعض گڑیوں کی ایک آنکھ یا ایک بازو غائب ہے۔ گڑیوں کی وجہ سے یہاں رہنے والے افراد خوف زدہ اور پریشان ہیں۔ واقعے کے فوراً بعد پولیس علاقے میں پہنچ گئی اور لوگوں کو مطمئن کرنے کی کوشش کی۔
اس ضمن میں سی سی ٹی وی فوٹیج سے گڑیا خریدنے اور اسے گھروں کے باہر رکھنے کی تفصیلات حاصل کی جارہی ہیں۔ بعض گھروں میں لکڑی کے کھمبوں پر گڑیا کیلوں سے ٹھونکی گئی ہیں اور ان پر سیاہ دھاگے بھی باندھے گئے ہیں۔
اس واقعے کے بعد ایک خوف زدہ شخص نے کہا ہے کہ گویا ہمارے گاؤں پر کسی آسیب کی بددعا کا سایہ ہے۔
ایک مقامی شخص نے کہا کہ یہ تمام گڑیا ایک مقامی میوزیم میں رکھی ہوئی تھیں جسے پتلی تماشہ کرنے والے ایک گروہ نے استعمال کیا ہے اور اس کے بعد پراسرار انداز میں انہیں گھروں کے باہر چھوڑ دیا ہے۔