حیدرآباد دکن: (روزنامہ دنیا) بھارت میں ڈاکٹرز کی غلطی سے آپریشن کے دوران مریضہ کے پیٹ میں رہ جانے والی قینچی کو 3 مہینے بعد نکال لیا گیا۔ ڈاکٹروں کے خلاف لاپرواہی کی رپورٹ درج کر لی گئی۔
33 سالہ خاتون مہیشوری چودھری کو پیٹ کے شدید درد کی شکایت پر ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا جہاں ایکسرے میں خاتون کے پیٹ میں قینچی کی موجودگی کا انکشاف ہوا۔ ڈاکٹرز نے فوری طور پر آپریشن کر کے خاتون کے پیٹ سے 6 انچ لمبی قینچی کو نکال دیا۔
اہل خانہ نے انکشاف کیا کہ مذکورہ خاتون کا 2 نومبر کو اسی ہسپتال میں ہرنیہ کا آپریشن کیا گیا تھا اور اُس آپریشن کے دوران قینچی پیٹ ہی میں رہ گئی۔ پولیس نے ملوث ڈاکٹروں کے خلاف آپریشن کے دوران پیشہ وارانہ لاپرواہی کی رپورٹ درج کر لی ہے جس کے بعد تفتیش جاری ہے۔