لندن: (روزنامہ دنیا) برطانوی خاتون نے تعلقات، کاروبار اور دیگر ذاتی معاملاتِ زندگی میں شدید دھوکے اور ناکامیوں کے بعد ایک ایسے مرد یا خاتون کی تلاش شروع کر دی ہے جو انہیں روحانیت کی روشنی میں مفید مشورے دے سکے۔
برسٹل سے تعلق رکھنے والی خاتون کا کہنا ہے کہ ایک دوست نے انہیں دھوکا دیا اور پائی پائی کا محتاج کر دیا، پھر انہیں ایک دوسرے ملک میں لوٹا گیا، یہاں تک کہ ان کے اپنے ہونے والے شوہر سے بھی تعلقات خراب ہو گئے۔
کبھی کبھی انہیں محسوس ہوتا ہے کہ وہ درست فیصلہ نہیں کرتیں اور اب ایک ماہ تک کوئی ان کیلئے فیصلے کرسکے تو وہ اسے 2600 پاؤنڈ ادا کریں گی جو پاکستانی روپوں میں 4 لاکھ 70 ہزار روپے بنتے ہیں۔
ایک ویب سائٹ پر خاتون نے لکھا، ‘ اگرچہ یہ عجیب بات ہے لیکن مجھے لگتا ہے کہ مجھے ایسے دانا شخص یا خاتون کی ضرورت ہے جو میرے لئے فیصلے کرسکے۔ میں نے گزشتہ برس تباہی میں گزارا ہے اور چاہتی ہوں کہ اب کوئی ایک ماہ کیلئے میری زندگی کو کنٹرول کرے۔ مجھے نہیں معلوم کہ عام زندگی میں ایسا ہوتا بھی ہے یا نہیں مگر میں سمجھتی ہوں کہ یہ طریقہ قابلِ عمل ضرور ہے۔