ماسکو: (روزنامہ دنیا) روس میں بھوکے برفانی ریچھوں نے انسانی بستی پر حملہ کر دیا، شہری گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے۔ حکام نے علاقے میں ایمرجنسی نافذ کر دی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق روس کے علاقے نووایازیملیا میں ریچھوں نے دن دیہاڑے حملہ کردیا، خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کیلئے انتطامیہ نے علاقے میں ایمرجنسی نافذ کر دی اور شہریوں کو گھروں میں رہنے کی خصوصی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
حکام نے مزید کہا ہے کہ ریچھوں پر کوئی شخص بھی فائرنگ نہ کرے۔ وفاقی ادارہ ماحولیات کے مطابق ماحولیاتی تبدیلی سے متاثر ہو کر ریچھ خوراک کی تلاش میں آبادی کا رخ کر رہے ہیں۔
اہل علاقہ کے مطابق آبادی میں گھسنے والے ریچھوں کی تعداد 52 کے قریب ہے، واضح رہے کہ روس میں برفانی ریچھ کے شکار پر پابندی عائد ہے اور مرکزی ماحولیاتی ادارے نے ریچھ کے شکار کا لائسنس جاری کرنے سے منع کیا ہوا ہے۔