نیو یارک: (دنیا نیوز ویب ڈیسک) انٹرنیٹ پر مشہوراور 10 کروڑ ڈالر اثاثوں کی مالکن دنیا کی سب سے چڑچڑی بلی چل بسی۔ غصیلے چہرے والی بلی کو 2012ء میں ویڈیو وائرل ہونے پر شہرت ملی۔
’’گرمپی کیٹ‘‘ کے نام سے مشہور بلی 7 سال کی عمر میں فوت ہوئی۔ انسٹا گرام پر ایک کروڑ سے زائد مداح رکھنے والی بلی پیشاب کی نالی میں دیرینہ انفیکشن کی وجہ سے چل بسی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق انٹرنیٹ پر ناپسندیدگی اور بیزاری کا اظہار کرنے والی سب سے مشہور بلی گرمپی ریاست ایریزونا میں فوت ہوئی۔ اس کا اصل نام ٹارڈر سوس تھا لیکن یہ گرمپی کے نام سے مشہور ہوئی جس کا مطلب بدمزاج، بیزار، لاپرواہ اور غصیلا ہوتا ہے۔
خبر رساں ادارے کے مطابق اپنے عدم دلچسپی کے رویے سے یہ دنیا میں ان احساسات کے اظہار کا ایک عالمگیر حوالہ بن گئی تھی۔ اس سفر میں گرمپی اشتہارات اور فلموں میں بھی آئی اور اس طرح لاکھوں ڈالر کی رقم بھی کمائی۔