زرافے کا پیدائشی نقص دور کرنے کیلئے معالجاتی جوتے پہنا دئیے گئے

Last Updated On 16 May,2019 09:18 am

نیویارک: (روزنامہ دنیا) امریکہ کے مشہور ووڈلینڈ پارک چڑیا گھر میں زرافے کے بچے کو معالجاتی جوتے پہنائے گئے ہیں جس سے توقع ہے کہ اس کا پیدائشی نقص دور ہوجائے گا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق چند روز قبل مادہ اولیویا سے پیدا ہونے والا بچہ زرافہ ویسے تو نارمل پیدا ہوا تھا لیکن اس کے بعد عملے نے محسوس کیا کہ اس کی پچھلی ٹانگوں کا نچلا حصہ ہموار اور سیدھا نہیں ہے اور اگر یہی سلسلہ جاری رہا تو بڑا ہونے کے بعد اسے چلنے میں دقت پیش آسکتی ہے۔

اس کے بعد چڑیا گھر کے طبی عملے نے زرافے کی ٹانگوں کا بغور جائزہ لیا اور اس کی مناسبت سے پلستر سمیت جوتے بنائے جو گھنٹوں کی تگ و دو کے بعد اسے پہنادیئے گئے ہیں۔

اس کیلئے پہلے خاص سانچوں میں جوتے ڈھالے گئے اور اس کے بعد زرافے کے بچے کو پہنائے گئے۔ امید ہے کہ وقت کے ساتھ ساتھ اس کی ٹانگوںکا نقص دور ہو جائے گا اوریہ دیگر جانداروں کی طرح چلنے اور دوڑنے لگے گا۔

زرافے کے بچے کا وزن 170 پونڈ ہے اور اب تک اس کا نام نہیں رکھا گیا۔ ماہرین کی ٹیم نے تمام طبی لٹریچر کا بغور مطالعہ کرکے پلائی کی لکڑی اور پولی ایتھائلین سے جوتا تیار کیا ہے۔ ووڈلینڈ پارک چڑیا گھر میں پیدائش کے بعد سے ہی عملہ زرافے کے بچے کی خصوصی دیکھ بھال کررہا تھا۔