پیرس: (روزنامہ دنیا) فرانس کے ایک گاؤں میں ایک بہت بڑے پتھر پر ایک پراسرار تحریر کندہ ہے لیکن اب تک لوگ اس کا مطلب نہیں جان سکے ۔ اب گاؤں والوں نے اعلان کیا ہے کہ اگر کوئی سینکڑوں سال پرانی اس تحریر کا راز فاش کرے گا اسے 2250 امریکی ڈالر یا 3 لاکھ پاکستانی روپے انعام میں دئیے جائیں گے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ پتھر سمندر کے کنارے موجود ہے جس پر کم ازکم 20 سطریں لکھی ہوئی ہیں، ایک جگہ 1786 اور 1787 بھی لکھا ہے لیکن اب تک اس کا راز دریافت نہیں ہو سکا۔ اس پر قدیم بحری جہاز، اس کا عرشہ اور ایک دل کی تصویر بھی کندہ ہے۔
مقامی سکالرز اور ماہرین نے اس پراسرار نوشتہ سنگ کو پڑھنے کی کوشش کی ہے لیکن وہ اب بھی مفروضات پر ہی چل رہے ہیں۔ بعض لوگوں کا خیال ہے نیم خواندہ افرد نے پتھر پر بے معنی الفاظ لکھے ہیں تاہم ایک گروہ کا اصرار ہے کہ یہ تحریر قدیم بریٹن یا باسک زبان میں ہے۔
فرانس کے اس دیہات پلوگیس ٹیل کے میئر ڈومینیک کیپ کہتے ہیں کہ ہم نے تاریخ دانوں اور ماہرِ آثار قدیمہ سے رابطہ کیا لیکن کوئی بھی چٹان پر تحریر کا راز نہیں جان سکا۔ اب اس پیغام کو پڑھنے والے کیلئے انعام کا اعلان کیا جارہا ہے امید ہے اب کوئی نہ کوئی فرد اس تحریر کو پڑھ لے گا۔