ممبئی: (مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ 1988ء میں ای میل اور ڈیجیٹل کیمرے کا استعمال کر چکے ہیں۔
نیوز نیشن نامی ایک ٹی وی چینل کو خصوصی انٹرویو میں نیا شوشہ چھوڑتے ہوئے انہوں نے کہا وہ شاید 1987ء یا 1988ء میں ڈیجیٹل کیمرا اور ای میل کا استعمال کر چکے ہیں۔
انڈین وزیراعظم نریندر مودی نے کہا کہ اُس وقت بہت کم لوگوں کا ای میل ہوتا تھا، بی جے پی کے سابق سیاستدان ایل کے ایڈوانی کی ریلی تھی، اس وقت کیمرا بہت بڑا ہوا کرتا تھا (انہوں نے ہاتھوں کے اشارے سے اس کے حجم کو بتانے کی کوشش کی)، میرے پاس اس وقت ڈیجیٹل کیمرا تھا۔ میں نے ایڈوانی جی کی فوٹو بنائی اور اسے دہلی بھیج دیا، رنگین تصویر چھپ گئی، ایڈوانی جی بہت زیادہ حیران ہوئے کہ آج ہی میری رنگین تصویر کس طرح چھپ گئی۔
اس دعوے پر بھارتی سوشل میڈیا صارفین نے انہیں آڑے ہاتھوں لیا اور خوب مذاق بنایا۔ ٹویٹر پر ایک صارف نے نریندر مودی کے اس بیان کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ کوڈک نے صارفین کیلئے پہلا ڈیجیٹل کیمرا 28 مارچ 1995ء کو متعارف کروایا تھا جبکہ ویدیش سانچنر نگم لمیٹڈ نے عوام کیلئے انٹرنیٹ کی سہولت بھارت میں 15 اگست 1995ء کو پیش کی۔ ڈیوائیڈر نامی صارف نے کہا پہلا ڈیجیٹل کیمرا 1990ء میں فروخت کیلئے پیش کیا گیا لیکن 1987ء میں مودی کے پاس کیمرا تھا۔