کیلیفورنیا: 245 گرام والی بچی کی پیدائش، نام سیبی رکھ دیا

Last Updated On 31 May,2019 06:17 pm

نیو یارک: (ویب ڈیسک) امریکہ کی ریاست کیلیفورنیا کے ہسپتال میں دنیا کی سب سے چھوٹی، کم وزن اور بچ جانے والی بچی کی پیدائش ہوئی ہے، بچی کا وزن 245 گرام (8.6) اونس ہے۔ بچی کا پیدا ہونے کے وقت وزن ایک بڑے سیب جتنا تھا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بچی کی پیدائش ریاست کیلی فورنیا کے شہر سان ڈیاگو کے شارپ میری برچ ہسپتال میں ہوئی ہے اور ہسپتال سٹاف نے بچی کا نام سیبی رکھا۔ سیبی کی پیدائش کے وقت والدہ 23 ہفتے اور تین دن کی حاملہ تھیں۔

ڈاکٹروں کی جانب سے سیبی کی پیدائش کے وقت والد کو بتایا گیا تھا کہ بچی صرف ایک گھنٹہ ہی زندہ رہ سکے گی۔ ہسپتال کی جانب سے جاری کی گئی ویڈیو میں بچی کی والدہ کا کہنا تھا کہ یہ ایک گھنٹہ کئی گھنٹوں میں تبدیل ہو گیا اور پھر ایک دن اور پھر ایک ہفتہ ہو گیا۔

خبر رساں ادارے کے مطابق ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ سیبی کی پیدائش دسمبر 2018ء میں آپریشن کے ذریعے ہوئی اور حمل کی سخت پیچیدگیوں نے والدہ کی جان کو بھی خطرے میں ڈال دیا تھا۔

سیبی کو پانچ ماہ تک ہسپتال کے انتہائی نگہداشت وارڈ میں رکھنے کے بعد اس مہینے کے شروع میں ڈسچارج کر دیا گیا اس وقت ان کا وزن پانچ پاؤنڈ تھا۔ ہسپتال کی نرس کے مطابق سیبی پیدا ہونے کے وقت اس قدر چھوٹی تھی کہ اسے بمشکل بستر پر دیکھا جا سکتا تھا۔ وزن بھی بچوں کے جوس کے ڈبے جتنا تھا اور اسے آسانی سے ہتھیلی پر اٹھایا جا سکتا تھا۔

یونیورسٹی آف آئیووا کی چھوٹے اور کم وزن بچوں کی فہرست کے مطابق سیبی دنیا کی سب سے چھوٹی بچی ہیں۔ اس سے قبل دنیا کے سب سے چھوٹے بچے کا ریکارڈ جرمنی میں 2015 میں پیدا ہونے والے بچے کا تھا جس کا پیدائش کے وقت وزن سیبی سے سات گرام زیادہ تھا۔

یونیورسٹی آف آئیووا کے پروفیسر ایڈورڈ بیل نے غیر ملکی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کچھ لوگ یقین نہیں کرتے لیکن زندگی میں ایسے معجزات رونما ہوتے ہیں۔