لندن: (ویب ڈیسک) برطانیہ میں ایک ایسا سوئمنگ بن رہا ہے جو خوبصورتی، جدت اور دیگر خصوصیات کی بناء پر اپنی مثال خود ہو گا۔ ’موت کا چیلنج‘ کہلانے والا یہ سوئمنگ پول لندن کی 55 منزلہ ٹاور کی چھت پر بنے گا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانوی پولز کمپنی کمپاس پولز کی طرف سے نئے اور عجوبہ عالم سوئمنگ پول کی تفصیلات جاری کی گئی ہیں۔ 360 ڈگری کے زاویے اور پینورامک کی خصوصیات کا حامل سوئمنگ پول لندن میں فلک بوس عمارت کی چھت پر تعمیر ہوگا۔
اس سوئمنگ پول کو موت کا چیلنج کا نام دیا گیا ہے جس میں ایک لاکھ 58 ہزار 503 گیلن پانی ذخیرہ کیا جا سکے گا۔ یہ تالاب لندن میں قائم 55 منزلہ ٹاور کی چھت پر تعمیر ہو گا۔ ایک اور خاصیت یہ ہوگی کہ اس کی دیواریں اور فرش شفاف ہو گا اور باہر سے اس سوئمنگ پول کے اندر کے مناظر بھی دیکھے جا سکیں گے۔
اس منفرد سوئمنگ پول کا ڈیزائن الیکس کیمسلی نے تیار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ جب ہم نے اس پول کی تیاری کا فیصلہ کیا تو ہم نے سے متصل پانی کے اوپر اور نیچے کا منظر بھی مد نظر رکھا ہے۔ اس کی تیاری میں شیشے کے استعمال کے بجائے اکرائیلک تھرمو پلاسٹک کا استعمال کرینگے جس کی مدد سے پول کے اندر اور دوسری طرف روشنی گزر سکے گی۔
خبر رساں ادارے کے مطابق ’موت کا چیلنج‘ سوئمنگ پول ہوا کے دبائو اور رفتار جانچنے کیلئے ایک آلہ نصب ہو گا جس کی مدد سے پول میں مثالی درجہ حرارت میں مدد ملے گی۔ ماحول دوست سوئمنگ پول کے پانی کو گرم کرنے کیلئے فاضل توانائی کا استعمال کیا جائے گا۔ سوئمنگ پول تک پہنچنے کیلئے تالاب تک متحرک خم دار سیڑھیاں لگائی جائیں گی جن سے سوئمر تالاب میں داخل اور باہر نکل سکیں گے۔
ڈیزائنرز کی کوشش ہے کہ وہ تالاب کیلئے ایسے زینے تیار کریں جو آمنے سامنے نہ ہوں تاکہ تالاب کے اندر کے منظر کو دیکھنے میں کسی قسم کی دشواری پیش نہ آئے۔
دوسری طرف سوشل میڈیا کی ویب سائٹ ٹویٹر پر بعض لوگوں نے اس طریقے کی سیڑھیوں پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ سوئمنگ پول کی تیاری پر کام 2020ء میں شروع ہو گا۔