انوکھی فرمائش، مفرور مجرم نے فیس بک پر 15000 لائکس ملنے پر گرفتاری دیدی

Last Updated On 23 June,2019 10:08 pm

نیو یارک: (ویب ڈیسک) مجرم نے انوکھی فرمائش پوری ہونے کے بعد خود کو پولیس کے حوالے کر دیا۔

خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا میں دلچسپ واقعہ پیش آیا جس میں مفرور مجرم نے فیس بک پر تصویر کے 15000 لائیکس ملنے پر خود کو پولیس کے حوالے کرنے پر رضا مندی ظاہر کی تھی۔ اب ایک ماہ سے زائد عرصہ گزرنے کے بعد تصویر پر 29 ہزار لائیکس ملے ہیں اور گرفتاری دیدی ہے۔

امریکا کے شہر کنیکٹیکٹ کے مفرور مجرم اور ٹورنگٹن پولیس ڈیپارٹمنٹ کے درمیان معاہدہ ہوا تھا جس میں مجرم جوزے سمنس نے وعدہ کیا تھا کہ اگر فیس بک پر میری تصویر پر 15 ہزار لائکس آگئے تو میں خود گرفتاری دے دوں گا۔

29 سالہ جوزے پر سات مقدمات عائد کئے گئے تھے اور وہ بار بار بلاوے کے باوجود نہ گرفتاری دے رہا تھا اور نہ ہی عدالت پہنچا تھا۔ پھر پولیس نے اس کی تصویر فیس بک پر جاری کی اس پر خود مجرم نے لکھا کہ اگر اس کی تصویر پر 20 ہزار لائیکس آجاتے ہیں تو وہ گرفتاری دیدے گا۔ اس پر پولیس نے بھاؤ تاؤ کرتے ہوئے کہا کہ وہ 10 ہزار لائکس پر گرفتاری دیدے۔ لیکن پھر دوبارہ مجرم نے کمنٹس میں لکھا کہ اگر 15 ہزار لائیکس ہوئے تو وہ خود تھانے آجائے گا اور اس طرح 15 ہزار لائیکس پر اتفاق ہوگیا۔

اس کے بعد پولیس نے کئی مرتبہ جوزے کی تصاویر سوشل میڈیا پر پوسٹ کیں جس کے بعد مزید لوگوں نے اسے شیئر کیا اور پسند کیا۔ وائرل ہونے کے بعد ایک ماہ میں اس کی تصویر پر 29 ہزار لائیکس مل چکے تھے۔

اپنے وعدے کا پاس کرتے ہوئے 19 جون کو جوزے نے اینفیلڈ پولیس ڈپارٹمنٹ فون کرکے کہا کہ وہ فلاں جگہ موجود ہے اور اسے گرفتار کرلیا جائے۔ اس پر عدالت اور پولیس سے بھاگنے کی دفعات بھی لگائی گئی ہیں۔ مجرم کی ضمانت کی رقم 30500 ہزار ڈالر رکھی گئی ہے اور اسے جج کے سامنے بھی پیش ہونا ہے۔ آخری وقت تک اس کی تصویر پر 1700 لوگوں نے اپنے خیالات کا اظہار بھی کیا تھا۔