ملائیشیا: بغیر درخت کاٹے گھنے جنگل میں دنیا کی طویل واٹر سلائیڈ

Last Updated On 27 June,2019 11:07 am

کوالالمپور: (ویب ڈیسک) ملائیشیا میں دنیا کی دوسری طویل ترین واٹر سلائیڈ مکمل ہونے کے قریب پہنچ گئی۔ گھنے جنگل میں درخت بھی نہ کاٹا گیا اور کئی جگہ انہیں بچانے کے لیے سلائیڈ کو موڑا گیا ہے۔

برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق ملائیشیا کے پہاڑوں اور جنگلوں کے درمیان طویل واٹر سلائیڈ تکمیل کے آخری مراحل میں ہے، ایک گھنے جنگل میں اس واٹر سلائیڈ کی لمبائی 1,140 میٹر ہے جس کے ایک سرے پر بیٹھ کر آپ مسلسل چار منٹ تک لطف اندوز ہوسکتے ہیں۔

ملائیشین حکام کے مطابق ایک ماہ بعد اگست میں یہ عوام کے لیے کھول دی جائے گی۔ یہ سلائیڈ اتنی اونچی ہے کہ اس کے پہلے سرے سے پورا پارک دکھائی دیتا ہے۔

کمپنی کے مطابق سلائیڈ بناتے وقت درختوں اور قدرتی ماحول کا خیال رکھنا ہی ایک سب سے بڑا چیلنج تھا یہی وجہ ہے کہ کوئی درخت نہیں کاٹا گیا اور کئی جگہ انہیں بچانے کے لیے سلائیڈ کو موڑا گیا ہے اور اسی طرح پانی پہنچانے کے لیے بھاری مشینری کے بجائے قدرتی ذرائع استعمال کیے گئے ہیں۔

گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کے تحت دنیا کی اب تک سب سے طویل واٹر سلائیڈ نیوجرسی کے ایکشن پارک میں ہے جس کی لمبائی 1,984فٹ ہے۔