جیکب آباد میں کشش ثقل کے تحت کام کرنے والا جیکب کلاک

Last Updated On 28 June,2019 11:35 am

جیکب آباد: (روزنامہ دنیا) جان جیکب برطانوی دور میں بالائی سندھ کے پہلے پولیٹیکل سپرنٹنڈنٹ تھے، انہوں نے شہر کی ترقی کیلئے کافی کام کئے، سال 1858 وہ میں 46 برس کی عمر میں انتقال کر گئے، ان کی وصیت کے مطابق تدفین اسی علاقے میں کی گئی اور بعدازاں اس شہر کا نام خان گڑھ سے تبدیل کرکے جیکب آباد رکھ دیا گیا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق جان جیکب کو انجینئرنگ میں بھی کمال مہارت حاصل تھی، انہوں نے ایک گھڑیال بنایا جو اپنی نوعیت کا ایک منفرد نمونہ ہے۔ یہ گھڑیال سپرنگ ٹیکنالوجی اور زمین کی کشش ثقل کے تحت کام کرتا ہے اس میں ایک ہزار کلو وزنی پنڈولم لگایا گیا ہے، یہ گھڑیال لکڑی کے ایک باکس میں ڈپٹی کمشنر کی رہائش گاہ میں نصب ہے جو کبھی جان جیکب کی رہائش گاہ ہوا کرتی تھی اوربعد میں جیکب کلاک کے نام سے مشہور ہوا۔

اس گھڑیال میں اسلامی تاریخ، چاند کا سائز، برطانوی اور مقامی وقت موجود ہیں، اس گھڑیال کو جان جیکب نے خود ڈیزائن کیا۔ کئی مظاہروں میں جیکب کلاک کو نقصان پہنچنے پر اسے عوام کو دکھانے کا سلسلہ بند کر دیا گیا۔ جان جیکب نے پیغام رسانی کا موثر نظام نہ ہونے کی وجہ سے اس کام کیلئے کبوتروں کا استعمال کیا اور اپنی رہائش گاہ میں کبوتروں کی نرسری بھی قائم کی تھی۔