غیرمنظم لوگوں کے خیالات زیادہ دلچسپ اور تخلیقی ہوتے ہیں، تحقیق میں‌ انکشاف

Last Updated On 28 June,2019 11:34 am

نیویارک: (روزنامہ دنیا) امریکہ کی مینیسوٹا یونیورسٹی کی ایک تحقیق کے مطابق غیرمنظم لوگوں کے خیالات زیادہ دلچسپ اور تخلیقی ہوتے ہیں۔ اپنے آپ سے باتیں‌ کرنا بھی محققین نے فائدہ مند پایا ہے اس سے دماغ موثر طریقے سے کام کرتا ہے.

میڈیا رپورٹ کے مطابق تحقیق کے دوران دو گروپس کو لیا گیا، ایک گروپ کو صاف ستھرے ماحول جبکہ دوسرے کو بکھرے ہوئے سامان کے ساتھ رکھا گیا۔ پھر ان دونوں گروپس کو ایک موضوع پر آئیڈیاز دینے کیلئے کہا گیا تو نتائج سے معلوم ہوا کہ بکھرے ہوئے سامان والی جگہ پر رہنے والے گروپ کے خیالات زیادہ دلچسپ اور تخلیقی تھے۔

محققین کے مطابق بے ترتیبی لوگوں کو روایات سے دور رکھتی ہے اور ان کیلئے نت نئے خیالات کا اظہار کرنا آسان ہو جاتا ہے۔ دوسری طرف میڈرڈ یونیورسٹی کی ایک ہزار نوجوانوں پر کی جانے والی تحقیق میں یہ دعویٰ کیا گیا ہے کہ رات گئے تک جاگنے والے افراد صبح جلد جاگنے والوں کے مقابلے میں آئی کیو لیول میں زیادہ آگے ہوتے ہیں۔ ایک اور تحقیق کے مطابق اپنے آپ سے باتیں کرنا فائدہ مند ہوتا ہے اور ان کا دماغ زیادہ موثر طریقے سے کام کرتا ہے۔