روبوٹ بھی’’بوتل کیپ چیلنج‘‘ مکمل کرنے والوں میں شامل ہوگیا

Last Updated On 18 July,2019 12:29 pm

بوسٹن: (روزنامہ دنیا) میساچیوسٹس انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کی ’’کمپیوٹر سائنس اینڈ آرٹیفیشل انٹیلی جنس لیب‘‘ نے حال ہی میں سوشل میڈیا پر ایک مختصر ویڈیو جاری کی ہے جس میں ایک روبوٹ کو دکھایا گیا ہے جو اپنے سامنے موجود انسان کی نقالی کرتے ہوئے مہارت سے بوتل کا ڈھکنا کھول رہا ہے ، بالکل اسی طرح جیسے ’’بوتل کیپ چیلنج‘‘ میں مختلف انسان اپنی صلاحیت کا مظاہرہ کرتے ہیں۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ روبوٹ مصنوعی ذہانت کی مدد سے تیار کئے گئے ایک نظام کا حصہ ہے جسے ’’روبوریز‘‘ کا نام دیا گیا ہے۔ البتہ اس کا اصل مقصد بوتلوں کے ڈھکنے کھولنا نہیں بلکہ اپنے مخصوص کیمروں اور سنسرز کی مدد سے انسانی پٹھوں میں حرکت کا مشاہدہ کرتے ہوئے ان کی نقل کرنا ہے۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ روبوٹ کے صرف دو بازو ہیں اس لئے بوتل کیپ چیلنج کھیلنے کیلئے اس نے اپنے ان ہی روبوٹ بازوؤں کا سہارا لیا ہے۔ روبوریز منصوبے کے تحت یہ کوشش کی جارہی ہے کہ روبوٹس میں انسانی بازوؤں اور پٹھوں جیسی حرکت کی قریب ترین نقالی کی جائے تاکہ آنے والے وقت میں یہ مشینیں بھی انسانوں کی بہتر مددگار ثابت ہو سکیں۔ بوتل کیپ چیلنج پورا کرتے روبوٹ کو سوشل میڈیا صارفین نے بھی پسند کیا ہے۔