فلوریڈا: (ویب ڈیسک) امریکا کی ریاست فلوریڈا میں غوطہ خوروں نے 1200 پاؤنڈز (544 کلو گرام) کچرا صاف کر کے ریکارڈ کو گینز بک ورلڈ میں درج کرا لیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ریاست فلوریڈا میں ڈیرفیلڈ بیچ پر 633 غوطہ خوروں نے مل کر 1200 پاؤنڈ (544 کلو گرام) کچرا صاف کر کے دنیا کو ورطہ حیرت میں ڈال دیا۔ اس بیچ پر ریکارڈ کو بنانے کیلئے 24 گھنٹے لگے جبکہ دنیا میں یہ پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ بڑے پیمانے پر سمندر کے اندر کی صفائی کی گئی ہو۔
خبر رساں ادارے کے مطابق غوطہ خوروں نے ملکر سمندر کے اندر سے ملبہ، پلاسٹک، کشتیوں کی لکڑیاں اور ماہی گیروں کی جانب سے مچھلیاں پکڑنے کے لیے استعمال کیے جانے والے جال بھی نکالے۔ ریکارڈ میں حصہ لینے کیلئے دنیا بھر کے غوطہ خوروں نے شرکت کی جس میں یورپ اور جنوبی امریکا کے لوگ بھی شامل تھے۔
شرکا نے اڑھائی گھنٹے سمندر کی گہرائی میں رہ کر ان تمام چیزوں کو جمع کیا جو سمندری حیات کو نقصان پہنچانے کے ساتھ ساتھ آبی ماحول کو بھی گندا کررہی تھیں۔
اس موقع پر مقامی لوگوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سمندر کے اندر کی صفائی سے پانی کا معیار بہتر ہوا ہے اور اس جگہ پر پائے جانے والے آبی حیات کی نشوونما کو بہت فائدہ پہنچا ہے، ہم امید کرتے ہیں کہ صفائی کی وجہ سے آبی حیات میں اضافہ ہو گا۔
ڈیرفیلڈ بیچ کے اندر سے کچرے کو نکال کر (ری سایئکل) یعنی دوبارہ استعمال میں لانے کے قابل بنانے کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔ اس سے قبل بھی اس طرح کا عالمی ریکارڈ قائم کیا گیا تھا جس میں پرانی پلاسٹک کی بوتلوں کا استعمال کرکے سمندر کے کنارے پر ایک خوبوصورت وہیل مچھلی کا اسٹرکچر بنایا گیا تھا۔