ایڈن برگ: (روزنامہ دنیا) سکاٹ لینڈ میں ساحل پر تعطیلات منانے والے خاندان کو ایک بوتل ملی جس کے اندر 21 سال قبل لکھا ہوا تحریری نوٹ موجود تھا۔ پیغام بھیجنے والے کا کہنا ہے کہ اس نے سال 1998 میں یہ پیغام روانہ کیا تھا.
میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ بوتل لہروں پر جھومتے 2 ہزار 833 میل کا فاصلہ طے کرتے ہوئے ایک کنارے سے دوسرے کنارے تک جا پہنچی تھی۔ بوتل میں موجود صفحے پر لکھا ہوا تھا کہ میرا نام میٹ رہوڈز ہے اور مجھے اس کا جواب اسی پر لکھ کر سمندر میں پھینک دیں۔
یہ خبر سوشل میڈیا پر آئی تو بوتل پھینکنے والا بھی سامنے آگیا اور اس نے بتایا کہ یہ بوتل اس نے 1998 یعنی 20 سال قبل ویلز کے سمندر میں پھینکی تھی۔ سمندر کے ذریعے پیغام رسانی کا یہ طریقہ قدیم زمانے سے رائج ہے، ایک اندازے کے مطابق 310 سال قبل مسیح ایک یونانی فلاسفر تھیوفریسٹس نے سمندر کا بہاو معلوم کرنے کیلئے بوتل میں پیغام لکھ کر سمندر کے حوالے کیا تھا۔