وینس میں کافی بنانے پر بھاری جرمانہ اور شہر بدری کی سزا

Last Updated On 24 July,2019 07:34 am

وینس: (ویب ڈیسک) اٹلی کے شہر وینس میں انوکھے قانون کے تحت کافی بنانے کے جرم میں جرمن جوڑے کو نہ صرف بھاری جرمانہ کیا گیا بلکہ انھیں شہر سے بھی نکال دیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق وینس میں ایک سیاح جوڑا جب پیدل چلتے چلتے تھک ہار گیا تو انھوں نے تازہ دم ہونے کیلئے کافی پینے کا سوچا، اپنے ساتھ لائے گیس چولہے اور کافی پاٹ سے انھوں نے کافی بنانا شروع کی تو ایک مقامی آدمی نے انھیں دیکھ کر پولیس کو اطلاع کر دی۔

پولیس نے بھی آو دیکھا نہ تاو جرمن جوڑے کو وارننگ کے بغیر 950 یورو (ایک لاکھ 70 ہزار روپے) کا جرمانہ عائد کر دیا۔ یہیں پر بس نہیں کیا بلکہ انھیں شہر سے نکل جانے کا حکم بھی سنا دیا گیا۔

یہ بات اہم ہے کہ اٹلی میں نئے متعارف کروائے گئے قوانین کے مطابق کسی تاریخی مقام کے نزدیک ایسا کام کرنا جس سے اس جگہ کو ضرر پہنچنے کا اندیشہ ہو تو جرمانے اور شہر بدری کی سزا سنا دی جاتی ہے۔ ان نئے قوانین کی زد میں سیاح بھی آتے ہیں جو عموما بے خبری میں مارے جاتے ہیں۔