سمندر میں شادی کی پیشکش کرنیوالا نوجوان زندگی گنوا بیٹھا

Last Updated On 23 September,2019 10:38 am

ڈوڈوما: (روزنامہ دنیا) دنیا بھر میں نوجوان جوڑے ایک دوسرے کو شادی کی پیشکش کیلئے نئے اور دلچسپ انداز اپناتے ہیں، ایسا ہی کچھ کرنے کی کوشش میں مشرقی افریقہ کے ملک تنزانیہ میں چھٹیاں گزارنے کیلئے آنیوالا ایک امریکی شہری اپنی دوست کو سمندر میں زیر آب جا کر شادی کی پیشکش کرتے ہوئے ڈوب گیا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق سٹیون ویبر نامی امریکی شہری اور اس کی دوست کینیشا انٹونے تنزانیہ کے پیمبا جزیرے سے دور مانٹا ریسورٹ کے ایک زیر آب کیبن میں ٹھہرے ہوئے تھے۔ امریکی ریاست لوزیانا کے علاقے بیٹن روگ سے تعلق رکھنے والے ویبر نے اپنے قیام کے تیسرے روز کینیشا انٹونے کو شادی کی پیشکش کیلئے پانی میں غوطہ لگایا، اس نے تیراکی والا چشمہ اور فلپرس پہنے ہوئے تھے اور اپنے ہاتھ سے لکھے شادی کی پیشکش کے خط کو زیر سمندر کیبن کی کھڑکی کے ساتھ لگایا تھا اور اس کی دوست کیبن کے اندر سے ان کی ویڈیو کی عکس بندی کر رہی تھی۔

اس خط میں لکھا تھا تمھیں یہ بتانے کیلئے کہ میں تم سے متعلق کس کس چیز سے پیار کرتا ہوں، میں اپنی سانس زیادہ دیر تک تھام نہیں سکتا مگر میں تمھاری ہر چیز سے محبت کرتا ہوں، میں ہر گزرتے دن میں تم سے زیادہ محبت کرتا ہوں۔ ویبر نے اپنی شارٹس سے منگنی کی انگوٹھی نکالنے سے قبل شادی کی پیشکش کیلئے اس خط کو پلٹا تھا اور وہ تیرتے ہوئے منظر سے باہر نکل گیا۔

ویبر کی دوست کینیشا انٹونے نے فیس بک پر اس کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ویبر کبھی اس گہرائی سے باہر نہیں آیا۔ ویبر کو شادی کی پیشکش پر کبھی بھی میرا جواب سننے کو نہیں ملا، جو دس لاکھ بار ہاں ہوتا۔ مانٹا ریسورٹ کے حکام نے ویبر کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایاکہ یہ واقعہ 19ستمبر کو پیش آیا۔ چیف آپریٹنگ آفیسر ماتھیوز ساس کا کہنا تھا کہ ویبر کے موت نے سب کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔