لندن: (ویب ڈیسک) برطانیہ میں ماہرین نے پانی کی جانچ کیلئے اڑنے والی مچھلی جیسا روبوٹ تیار کیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانوی ماہرین نے پانی کی جانچ کیلئے ایسا روبوٹ تیار کر لیا جو پانی سے جست لگا کر باہر نکل سکتا ہے اور تھوڑی دیر بعد ہی پرواز کرنا شروع کر دیتا ہے۔
لندن کے امپیریل کالج کے ماہرین کی جانب سے تیار کیے گئے روبوٹ کو فلائنگ فِش کا نام دیا گیا ہے۔ مذکورہ روبوٹ پانی میں رہنے کے بعد جست لگا کر باہر نکل سکتا ہے اور اس کیساتھ ساتھ اپنا توان برقرار بھی رکھ سکتا ہے۔ پانی سے نکلنے کے بعد یہ 26 میٹر تک ہوا میں بلند ہوسکتا ہے۔
خبر رساں ادارے کے مطابق کوئی ڈرون یا روبوٹک ہوائی جہاز نہیں ہے۔ اس روبوٹ کو تیار کرنے کا مقصد ہے کہ پانی کے نمونے لے کر انہیں ماہرین تک پہنچایا جا سکے۔
یہ روبوٹ ان مشکل مقامات کے لیے بہترین ہے جہاں تک انسانوں کی رسائی نہیں ہوسکتی، اس روبوٹ کے ذریعے برف کے درمیان سے پانی کے نمونے لینا بھی آسان ہوجائے گا۔
روبوٹ میں ایک چھوٹا سا ٹینک منسلک کیا گیا ہے جہاں پانی جمع ہوتا رہتا ہے۔ فی الوقت اس روبوٹ کو تجرباتی بنیادوں پر استعمال کیا جارہا ہے اور ماہرین کو امید ہے کہ جلد وہ اس سے سمندروں اور دریاؤں کی بھی جانچ کرسکیں گے۔