دانت کے درد کا جیل استعمال کرنے پر خون کا رنگ نیلا ہوگیا

Last Updated On 25 September,2019 03:49 pm

نیو یارک: (روزنامہ دنیا) امریکہ میں ایک خاتون کو اس وقت ہسپتال میں ایمرجنسی روم میں لے جانا پڑا جب اس کی جلد اور خون کی رنگت نیلی ہوگئی۔

این بی سی نیوز کی رپورٹ کے مطابق رہوڈ آئی لینڈ کے میرام ہاسپٹل کے ڈاکٹروں کا کہنا تھا کہ 25 سالہ خاتون نے آکر کہا میں بہت کمزور اور نیلی ہوگئی ہوں اور اس کی وجہ یا غلطی ایسی ہے جو پاکستان میں بھی اکثر افراد سے ہوجاتی ہے اور وہ ہے دانتوں کے درد سے نجات کیلئے متاثرہ حصے کو سن کر دینے والے جیل کا بہت زیادہ استعمال۔ طبی جریدے دی نیو انگلینڈ جرنل آف میڈیسن میں اس جیل کا غیرمعمولی اور خطرناک سائیڈ ایفیکٹ بیان کیا گیا ہے۔

درحقیقت Benzocaine نامی یہ جیل خون میں آئرن کی مقدار بڑھا دیتا ہے جس سے اس کی ساخت بدل جاتی ہے اور وہ آکسیجن کو لے جانے کی صلاحیت سے محروم ہوجاتا ہے، ناکافی آکسیجن کے بغیر خون کے عام سرخ خلیات نیلے ہو جاتے ہیں جس کے بعد جلد اور ناخنوں پر بھی یہ رنگت غالب آجاتی ہے۔ اس کیس میں جب مریضہ کے جسم سے خون کو نکالا گیا تو اس کی رنگت گہری نیوی بلیو تھی، ڈاکٹروں نے فوری طور پر ایک دوا کا استعمال کرایا جس سے خون میں آئرن اپنے معمول کی سطح پر چلا گیا۔