انگور کے بارے میں جو آپ نہیں جانتے

Last Updated On 30 September,2019 02:07 pm

لاہور: (روزنامہ دنیا) انگور ایک پودے اور اس کے پھل کا نام ہے، اس کی کاشت کاری ہزاروں سال قبل قرب مشرقی علاقہ میں کی گئی تھی۔ یہ پودا بیل کی صورت میں اگتا اور اس کا پھل گچھوں میں پیدا ہوتا ہے۔

تقریباً 300 برس قبل ہسپانویوں نے براعظم امریکا میں انگور متعارف کروائے، قبل ازیں وہاں انگور نہیں تھے۔

انگوروں کی آٹھ ہزار سے زیادہ اقسام ہیں۔ انگور کے ایک کپ میں 100 حرارے ہوتے ہیں۔ اس سے وٹامن ’’کے‘‘ اور ’’سی‘‘ کی دن بھر کی تقریباً چوتھائی ضرورت پوری ہو جاتی ہے۔

کشمش خشک انگوروں سے بنتی ہے۔ انگوروں کو سورج کی روشنی میں خشک ہونے کے لیے چھوڑ دیا جاتا ہے اور یوں یہ عمل قدرتی طریقے سے انجام پاتا ہے۔

انگور کئی رنگوں کے ہوتے ہیں۔ ان میں سبز، سرخ، سیاہ، زرد، گلابی اور ارغوانی رنگ شامل ہیں۔

سائنسدانوں کا ماننا ہے کہ انگوروں کی موجودہ اقسام چھ کروڑ 50 لاکھ برس قبل وجود میں آئیں۔

انسان کم وبیش آٹھ ہزار برس سے انگور کاشت کر رہا ہے۔

اقوامِ متحدہ کے ایک ادارے کے مطابق دنیا میں 29,292 مربع میل رقبے پر انگور کاشت کیے جاتے ہیں۔

(انتخاب وردہ بلوچ)