بلی نے شیر خوار بچے کی زندگی بچا لی، ویڈیو وائرل

Last Updated On 08 November,2019 06:39 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) دنیا بھر میں شہریوں کی بڑی تعداد جانوروں سے لگاؤ رکھتی ہے اور انہیں گھروں میں اپنے کمروں میں ساتھ رکھتی ہے، کچھ بچے اپنے جانوروں کیساتھ اتنے زیادہ مانوس ہو جاتے ہیں کہ وہ روز مرہ زندگی میں ان کے بغیر کچھ بھی نہیں کرتے، اسی طرح کچھ جانوروں اپنے انسانوں کے ساتھ زیادہ لگاؤ کے باعث ہیرو بن جاتے ہیں، اسی طرح کی ایک خبر کولمبیا سے آئی ہے، جہاں بلی نے شیر خوار بچے کو سیڑھیوں سے گرنے سے بچا لیا، یہ ویڈیو ہر طرف وائرل ہو گئی ہے۔

برطانوی خبر رساں ادارے ’’ڈیلی میل‘‘ کے مطابق یہ واقعہ کولمبیا میں پیش آیا جہاں بلی کو چھوٹے بچے کو سیڑھیوں سے گرنے سے بچا کر ہیرو کا لقب دیدیا گیا ہے۔ بوگوٹا اپارٹمنٹ کی سامنے آنے والی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بلی اور ایک چھوٹا بچہ صوفے پر بیٹھے تھے کہ اچانک بچے نے گھٹنوں گھٹنوں چلنا شروع کردیا اور وہ سیڑھیوں کے قریب پہنچا۔

اس ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے بلی نے جب بچے کو زینے کے قریب جاتے دیکھا تو وہ تیزی سے بچے کے پاس گئی اور اُس کو سیڑھیوں سے پیچھے دھکیل دیا جس کی وجہ سے بچہ بڑے حادثے سے بچ گیا۔

خبر رساں ادارے کے مطابق ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بلی نے بچے کے سر پر پنجے بھی مارے۔ جس کے بعد بچہ سیڑھیوں سے پیچھے ہوا اور واپس اپنی جگہ پر چلا گیا۔

میٹرو کی رپورٹ کے مطابق 27 سالہ ڈیانا لورینا نے جب سیکیورٹی کیمرہ چیک کیا تو دیکھا کہ اُن کا ایک سالہ بچہ سامیول بالکل سیڑھیوں کے قریب تھا۔

برطانوی خبر رساں ادارے ’’ڈیلی میل‘‘ کے مطابق ڈیانا لورینا کا کہنا ہے کہ انہیں اب اپنی بلی پر فخر ہے کیونکہ اُس نے بچے کی زندگی کو محفوظ بنایا۔