بھارتی سرکاری ملازمین ہیلمٹ پہن کر کام کرنے لگے

Last Updated On 07 November,2019 06:44 pm

اترپردیش: (ویب ڈیسک) بھارت میں اکثر خبریں پڑھنے کو ملتی ہیں جس سے سن کر اور پڑھ کر ہر کوئی حیران رہ جاتا ہے، اب بھارتی ریاست اتر پردیش میں خستہ حال عمارت کے گرنے کے ڈر سے سرکاری ملازمین کیلئے دورانِ ڈیوٹی ہیلمٹ پہن کر کام کرنے لگے۔

عرب خبر رساں ادارے ’’گلف نیوز‘‘ کے مطابق ریاست اتر پردیش میں خستہ حال عمارت کے گرنے کے ڈر سے محکمہ پاور ڈویژن کے ملازمین دفتر میں ہیلمٹ لگا کر کام کرنے لگے۔ الیکٹرک ڈیپارٹمنٹ کے ملازمین دفتری اوقات میں عوام معاملات ہیلمٹ لگا کر انجام دے رہے تھے، ملازمین کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی۔

حیران کن واقعہ اسلئے پیش آیا کہ محکمے کی عمارت خستہ حال ہے جسکے کسی بھی وقت منہدم ہونے کا خدشہ ہے، اسی باعث منتظمین نے کاؤنٹر پر بیٹھنے والے تمام ملازمین کو ہیلمٹ لگا کر دفتری امور انجام دینے کی ہدایت کی تاکہ وہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں محفوظ رہ سکیں۔

ایک ملازم کا کہنا تھا کہ میں عمارت کی یہ حالت گزشتہ دو برس سے دیکھ رہا ہوں، ہم نے متعدد بار حکام کو شکایات کیں مگر ابھی تک کسی نے صورتحال کا نوٹس نہیں لیا۔

ملازمین کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنی حفاظت کے لیے ہیلمٹ لگائے کیونکہ عمارت کا ملبہ تیزی سے جھڑ رہا ہے۔ عمارت کا ایک حصہ گزشتہ روز منہدم ہوگیا۔

ملازمین کا مزید کہنا تھا کہ بارشوں کے موسم کے دوران کئی بار ایسا بھی ہوا کہ سرکاری ملازمین کو ہیلمٹ کے ساتھ ساتھ چھتری بھی لانا پڑ گئی کیونکہ بارشوں کے دوران چھت سے پانی نیچے ٹپکتا تھا، جس سے اہم کاغذات گیلے ہو جاتے تھے۔