اتر پردیش: (ویب ڈیسک) بھارتی میں ایک حیران کن خبر سامنے آئی ہے جہاں ایک شخص نے صرف دو ہزار روپے کی خاطر شرط لگائی اور اپنی زندگی کی بازی ہار گیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے ’’گلف نیوز‘‘ کے مطابق بھارتی ریاست اتر پردیش کے ضلع جان پور میں یہ واقعہ پیش آیا، جہاں محض دو ہزار روپے کے لیے دو دوستوں نے شرط لگائی، شرط جیتنے کے لیے پچاس انڈے کھانا ضروری قرار دیا گیا تھا۔
خبر رساں ادارے کے مطابق زندگی کی بازی ہارنے والے شخص سبھاش یادیو نے اپنے دوست سے 2 ہزار روپے کی شرط جیتنے کیلئے بیک وقت 50 انڈے کھانے کی کوشش کی تاہم وہ اسی دوران چل بسا۔
اس شخص نے شرط لگائی تھی کہ وہ 50 انڈے کھا سکتا ہے، سبھاش یادیو نامی اس شخص نے 41 انڈے کھالئے تھے لیکن 42 واں انڈہ کھاتے ہی اچانک اس کی طبیعت بگڑ گئی۔اس شخص کی طبیعت بگڑنے پر اسے ہسپتال لے جایا گیا تاہم وہاں پہنچنے پر ڈاکٹرز نے سبھاش کی موت کی تصدیق کردی۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے بھرپور ایکشن دکھایا اور فوراً جائے وقوعہ پہنچ کر عینی شاہدین کے بیانات قلم بند کئے۔ پولیس نے سبھاش یادیو کے دوستوں کے نام ایف آئی آر میں درج کرکے چھاپا مار کارروائیاں شروع کردی ہیں تاہم اب تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آسکی ہے۔
یاد رہے کہ اہل خانہ نے واقعے سے متعلق کسی بھی قسم کے تبصرے سے انکار کرتے ہوئے پوسٹ مارٹم کا بھی منع کردیا۔