لندن: (ویب ڈیسک) انگلینڈ کی 73 سالہ خاتون چائے کی زندگی بھر اتنی شوقین رہیں کہ انہیں موت کے بعد دفنایا بھی چائے کے ڈبے جیسے تابوت میں گیا، یہ ٹینا واٹسن کی وصیت تھی جس پر ان کی بیٹی نے من و عن عمل کیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ڈیبس ڈونوان کا کہنا تھا کہ ان کی والدہ کینسر جیسی موذی مرض میں مبتلا تھیں، ایک آپریشن کے دوران ان کی 2 ٹانگیں بھی کاٹ دی گئی تھیں، اس کے باوجود ڈیبس نے انہیں ہمیشہ ہنستے مسکراتے ہی پایا تھا۔
بیٹی ڈیبس نے آنجہانی ماں کے ساتھ گزری یادیں تازہ کرتے ہوئے بتایا کہ ایک دن ہم چائے کی میز پر بیٹھے باتیں کر رہے تھے کہ انہوں نے کہا کہ میں چاہتی ہوں میرا تابوت چائے کے بڑے ڈبے جیسا ہو اور مخصوص برانڈ کا ہونا چاہئے۔
والدہ کی وفات کے بعد ڈیبس ان کی وصیت پر عمل کرنا نہیں بھولی اور بالکل چائے کے ڈبے جیسا تابوت بنوایا اور ٹینا واٹسن کو اسی تابوت میں قبر میں اتارا گیا۔ ڈیبس کا کہنا ہے کہ وہ والدہ کی آخری خواہش پوری کرکے اطمینان محسوس کرتی ہیں، انہوں نے کہا کہ میری والدہ جب نیچے دیکھتی ہوں گی تو تابوت کو دیکھ کر خوب ہنستی ہوں گی۔