دورانِ آپریشن لڑکی کی ڈاکٹر سے باتیں

Last Updated On 01 November,2019 06:39 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) امریکا میں حیران کن طور پر ہسپتال میں آپریشن کے دوران لڑکی ڈاکٹرز سے باتیں کرتی رہیں جبکہ انتظامیہ کی طرف سے اس آپریشن کو سوشل میڈیا پر براہ راست نشر کیا گیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے ٹائم کے مطابق جس لڑکی کا آپریشن ہوا ہے اس کی عمر 25 سال ہے، امریکی لڑکی کا ہسپتال میں ہونے والا دماغ کا آپریشن 1 لاکھ سے زائد سوشل میڈیا صارفین نے براہ راست دیکھا۔

 

خبر رساں ادارے کے مطابق اس پیچیدہ سرجری کے دوران لڑکی اپنے پورے ہوش و ہواس میں تھی اور دوران آپریشن نہ صرف مسکراتی رہی بلکہ ڈاکٹرز سے باتیں بھی کرتی رہی۔

 

40 منٹ تک جاری رہنے والے اس آپریشن میں ڈاکٹرز نے جننا نامی لڑکی کے دماغ سے ماس (برین ٹیومر کا سبب بننے والے غیر معمولی خلیے) نکالے۔

میتھو ڈسٹ ڈلاس میڈیکل سینٹر میں شعبہ نیورولوجی کی سربراہ ڈاکٹر نمیش پیٹل کا کہنا ہے کہ فالج کی وجہ سے لڑکی کے چلنے کی صلاحیت متاثر ہوئی تھی۔

دوران آپریشن سرجن نے مریضہ سے اس کے پالتو کتے اور اس کی زندگی کے حوالے سے سوالات کیے جس کے جننا نے بغیر کسی ہچکچاہٹ کے جواب دیے۔

لڑکی کا کہنا ہے کہ اس نے آپریشن کو براہ راست نشر کرنے کی اجازت اس لیے دی تاکہ لوگ اس تجربے سے مستفید ہوسکیں، ہسپتال نے سرجری کی لائیو ویڈیو اپنے فیس بک کے آفیشل اکاؤنٹ سے صارفین کو دیکھائی۔