نیویارک: (روزنامہ دنیا) امریکی فوٹو گرافر سٹیو فائنس نے ایک بار پھر ثابت کر دکھایا ہے کہ اگر ٹیکنالوجی کا درست استعمال کیا جائے تو اس سے جان بھی بچائی جا سکتی ہے۔ انہوں نے اپنے ڈرون سے ایک 6 سالہ بچے کو اس وقت تلاش کیا جب باہر کا درجہ حرارت منفی 30 درجے سینٹی گریڈ تھا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے امریکی ریاست مینیسوٹا کے شہر بیکر میں رہنے والا ایک بچہ ایتھان ہوس اپنے پالتو کتے کے تعاقب میں گھر سے باہر گیا لیکن واپس لوٹ کر نہ آیا۔ لاکھ کوشش کے باوجود بچے کا سراغ نہ مل سکا، واقعہ کے 8 گھنٹے بعد بعض رضاکاروں نے برف میں اس بچے کے نقشِ پا دیکھے اور اس کے بعد تھرمل کیمرے سے بچے کی تلاش شروع کی گئی لیکن برف باری اور شدید دھند کی وجہ سے کئی مشکلات حائل تھیں۔
سٹیو فائنس نے ایک طویل رقبے پر دس گھنٹے تک ڈرون کو اڑایا اور تھرمل کیمرے سے پورے علاقے کا جائزہ لیا گیا۔ ایک مقام پر انہیں ایک چھوٹے بچے اور کتے کا تھرمل امیج ملا اور اس طرح بچے کا سراغ مل گیا۔
اس وقت تک بچہ اپنے گھر سے تین کلومیٹر دور پہنچ چکا تھا اور سردی سے کپکپا رہا تھا جسے بروقت طبی امداد دی گئی، اس کے بعد سٹیو فائنس کے اس عمل کو بہت سراہا گیا۔