103 سالہ خاتون نے 100 میٹر دوڑ جیت کر سب کو حیران کر دیا

Last Updated On 05 November,2019 03:52 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) میکسیکو میں 103 سالہ معمر خاتون نے 100 میٹر کی دوڑ جیت کر سب کو حیران کر دیا۔

پاکستان سمیت دنیا بھر میں اکثر اوقات بزرگ شہریوں کے لیے چلنا پھرنا مشکلات کا سبب بنتا ہے، اس دوران متعدد بزرگ مرد و خواتین ایسی تاریخ رقم کرتے ہیں جو سنہری لفظوں میں لکھی جاتی ہیں، اسی طرح کی حیران کن خبر نیو میکسیکو سٹی سے آئی ہے جہاں ایک 103 سالہ معمر خاتون نے 100 میٹر کی دوڑ جیت کر ایک اور ریکارڈ بنا ڈالا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے ’’اے بی سی نیوز‘‘ کے مطابق 2019ء کی سینئر گیمز جو میکسیکو کے دارالحکومت نیو میکسیکو میں ہوئی تھیں میں حیران کن طور ایک بڑا ریکارڈ بنا، جہاں 103 سال کی معمر خاتون جس کا نام جولیا ہاکنز ہے نے 100 میٹر کی دوڑ میں فتح حاصل کر لی۔

خبر رساں ادارے کے مطابق معمر خاتون جولیا ہاکنز نے گولڈ میڈل حاصل کیا، انہوں نے 50 میٹر اور 100 میٹر کی دوڑ میں فتح کا جھنڈا گاڑا، اس ریس میں 100 سال سے زائد کی خواتین حصہ لے رہی تھیں۔

یاد رہے کہ 2017ء کی گیمز میں بھی امریکی ریاست لویازانا سے تعلق رکھنے والی جولیا ہاکنز نے بھی 100 میٹر کی دوڑ جیت کر ریکارڈ بنایا تھا۔

جولیا ہاکنز نے پروگرام ’’گڈ مارننگ امریکا‘‘ میں بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ میں بہت خوش ہوں کہ میں نے یہ ریکارڈ بنایا ہے، مجھے نہیں پتہ کہ یہ ریکارڈ بڑھاپے کی وجہ سے ہے یا یہ ماحول کی وجہ سے بنا۔

خبر رساں ادارے کے مطابق جولیا ہاکنز چار بچوں کی ماں ہیں جبکہ تین کی دادی ہیں اور مزید 3 کی پڑدادی ہیں۔

انٹرویو کے دوران انہوں نے مزید کہا کہ میں اپنے آپ کو مصروف رکھنا چاہتی ہوں اور آگے بڑھنا چاہتی ہوں، میں روایتی طور پر کوئی بھی ورزش نہیں کرتی، میں صرف کوشش کرتی ہوں لیکن مجھے نہیں لگتا کہ اب مجھے مزید اس کی ضرورت ہے۔

جولیا ہاکنز کا کہنا تھا کہ میں کھانے کے معاملے پر بہت محتاط ہوں، صحت مند غذا میری ترجیح ہے اور اپنے وزن پر بھی خاص توجہ رکھتی ہوں۔

جب ان سے ایک سوال پوچھا گیا کہ کیا آپ اگلی ریس میں بھی حصہ لیں گی جس پر ان کا کہنا تھا کہ آپ کبھی نہیں جان پائیں گے۔ جب آپ 103 سال کے ہو جائیں تو ہر دن معجزے والا ہوتا ہے۔