چین کے چڑیا گھر کا بندر آن لائن شاپنگ کرنے لگا

Last Updated On 13 November,2019 12:05 pm

بیجنگ: (روزنامہ دنیا) چین کے چڑیا گھر میں ایک بندر کی اپنی نگران خاتون کے موبائل فون سے آن لائن شاپنگ کرنے کی ویڈیو وائرل ہو گئی۔

میڈیا رپوٹ کے مطابق چین کے صوبے جیانگ سو کے شہر چانگ ژو کے چڑیا گھر یان چنگ وائلڈ اینمل ورلڈ میں ایک بندر کی موبائل فون سے آن لائن خریداری کرنے کا منظر کیمرے نے محفوظ کر لیا۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ چڑیا گھر کی نگران خاتون ایلوی مینگ منگ اپنے دفتر میں موبائل فون چھوڑ کر کسی کام باہر گئی اور اسی دوران ایک بندر آفس میں داخل ہوا اور موبائل اٹھا کر آن لائن شاپنگ شروع کردی۔چڑیا گھر کی نگران خاتون نے میڈیا کو بتایا کہ میں موبائل سے آن لائن خریداری کرنے لگی تو احسا س ہوا کہ جانوروں کو بھوک لگی ہو گی اور میں اپنا موبائل چھوڑ کر جانوروں کیلئے کھانا لینے چلی گئی اور جب آفس میں واپس آئی تو موبائل پر کچھ اشیا کی خریداری کی تصدیق کا پیغام موصول ہوا جس پر مجھے حیرانی ہوئی اور میں نے سی سی ٹی وی کیمرے کی فوٹیج چیک کی۔

فوٹیج میں واضح طور پر بندر کو موبائل سے آن لائن خریداری کرتے دیکھا جاسکتا تھا۔ مینگ منگ کا کہنا تھا کہ بندر نے مجھے دیکھ کر ہی آن لائن خریداری کرنا سیکھا ہے۔