نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارت سے ایک دلچسپ خبر آئی ہے جس میں دلہے کا ڈانس دیکھ کر آخری لمحات میں دلہن نے شادی سے انکار کر دیا ہے۔
بھارتی خبر رساں ادارے ’’نیوز 18‘‘ کے مطابق بھارت کی سب سے بڑی ریاست اترپردیش کے علاقے بریلی میں شادی کی تقریب میں رسومات جاری تھیں کہ اسی دوران دلہا نے دلہن کو ہار (ورمالا) پہنانے کے بعد خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ڈانس شروع کیا۔
خبر رساں ادارے کے مطابق دلہا نے خوشی کا اظہار کرنے کے لیے ناگن ڈانس شروع کیا تو دلہن نے نامناسب رویہ قرار دیتے ہوئے عین اسی موقع پر ہی شادی سے انکار کر دیا۔
دلہن کا انکار سننے کے بعد دلہا غصے میں آیا اور اُس نے لڑکی کے منہ پر زور دار طمانچہ رسید کیا جس کے بعد دونوں فریقین میں ہاتھا پائی ہوئی کہ منتشر کرنے کے لیے پولیس کو مداخلت کرنا پڑی۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے دلہن کے بھائی کا کہنا تھا کہ تقریب میں دلہا کا رویہ نامناسب تھا، رسومات کے دوران جو کچھ ہوا وہ کسی صورت قابل قبول نہیں، بہن کے انکار کرنے کے بعد رشتے داروں اور برادری کے عمائدین نے دباؤ ڈالا مگر ہم نے بہن کے ساتھ کھڑے ہونے کو ترجیح دی۔
مقامی پولیس کا کہنا تھا کہ ہمیں شادی میں حالات خراب ہونے کی اطلاع موصول ہوئی جس کے بعد نفری کو وہاں بھیج کر معاملات طےکیے گئے، دلہا نے تحریری طور پر لکھ کر دیا کہ وہ جہیز کا سامان 14 نومبر تک واپس کردے گا۔