کتے کی شرارت سے گھر میں آگ لگ گئی

Last Updated On 04 December,2019 06:28 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) امریکا، یورپ سمیت دنیا بھر کے بیشتر گھروں میں کتوں کو گھر کا ممبر مانا جاتا ہے، کچھ نوجوان مرد خواتین سمیت بزرگ بھی کتوں پر خصوصی توجہ دیتے ہیں، تاہم حیران کن طور پر ایک خبر برطانیہ سے آئی ہے جہاں کتے کی شرارت کیوجہ سےگھرمیں آگ لگ گئی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانیہ میں ایسکس کاؤنٹی فائر اینڈ ریسکیو سروس کا کہنا ہے کہ اسٹینفورڈ لی ہوپ نامی شخص کے گھر میں آگ لگنے کی اطلاع موصول ہوئی۔

فائر فائٹرز کا کہنا تھا کہ گھر میں جس وقت آگ لگی اس وقت گھر کا مالک موجود نہیں تھا لیکن گھر کے سکیورٹی کیمرہ انکے موبائل فون ایپ سے منسلک تھا یہی وجہ تھی کہ انہوں نے فائر فائٹرز کو بروقت اطلاع دے دی۔

خبر رساں ادارے کے مطابق فائر فائٹرز نے انکشاف کیا کہ گھر کے کچن میں آگ اس وقت لگی جب گھر میں موجود پالتو کتے نے کچن کا مائیکروویو آن کر دیا اور اس کے اندر موجود ڈبل روٹی میں آگ بھڑک اٹھی۔

فائر سٹیشن کے سربراہ نے بتایا کہ حادثے کی وجہ ایک کتا تھا یہ کافی حیران کن بات ہے۔ فائر فائٹر کے سربراہ نے لوگوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ کبھی بھی مائیکرو ویو کے اندر سامان نہ رکھیں کیونکہ یہ حادثے کا سبب بنا سکتا ہے۔