مسلمان ڈرائیور آتشزدگی والے گھر میں 7 ماہ کے بچے کو بچا کر ہیرو بن گیا

Last Updated On 26 November,2019 01:54 pm

لندن: (ویب ڈیسک) برطانیہ میں سامان کی ترسیل کرنے والا شہری گھر میں آگ لگنے کے بعد ننھے بچے کو بچا کر ہیرو بن گیا۔

برطانوی خبر رساں ادارے ’’ڈیلی میل‘‘ کے مطابق سامان ترسیل کرنے والے شہری جس کی عمر 26 سال اور نام ہابیل خان ہے نے 7 ماہ کے شیر خوار بچے کو بچا کر اعلیٰ مثال قائم کر دی۔

ہابیل خان اپنی ڈیوٹی کی فرائض انجام دہی کے دوران گھروں تک سامان پہنچا رہا تھا اسی دوران اس نے دیکھا کہ ایک گھر میں آگ لگی ہوئی ہے اور گھر سے دھواں اُٹھ رہا ہے۔

خبر رساں ادارے کے مطابق جس گھر میں آگ لگی تھی اس گھر کی خاتون اپنے دو بچوں کیساتھ اونچی آواز میں صدائیں لگا رہی تھی کہ میرا بچہ گھر میں ہے، ہابیل خان اسی وقت نے دوڑ لگائی اور خاتون کیساتھ گھر میں داخل ہو گیا اور شیر خوار بچے کو بچا کر اس کی ماں کے حوالے کر دیا۔

ڈیلی میل کے مطابق بچے کو اس کی ماں کے حوالے کرنے کے بعد 26 سالہ ہابیل خان فائر فائٹرز اور پیرا میڈیکس سٹاف سمیت دیگر لوگوں کے آنے تک وہاں رکا رہا۔ اس کے بعد سامان ترسیل کرنے والے نوجوان نے اپنا کام نمٹایا۔

برطانوی خبر رساں ادارے سے بات چیت کرتے ہوئے نوجوان کا کہنا تھا کہ اگر میں ایماندارانہ بتاؤں تو میرے نزدیک یہ کوئی ہیروانہ والا کام نہیں تھا، میں اللہ کا شکر ادا کرنا چاہتا ہوں بچے سمیت سب ٹھیک ہیں اور خاتون دیگر افراد کے ساتھ اپنے گھر چلی گئی۔

برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق اس جرأتمدانہ اقدام اٹھانے پر 26 سالہ ہابیل خان کو دیگر ساتھیوں نے ’’کولیگ آف دی ایئر ایٹ دی بینگ اسدا ایوارڈز 2019ء‘‘ سے نوازا گیا۔