لاہور: (ویب ڈیسک) دنیا بھر میں اکثر اوقات ایسی خبریں پڑھنے کو ملتی ہیں جو سب کو حیران کر دیتی ہیں، اسی طرح کی ایک خبر مراکش سے آئی ہے، ایک سیاحتی دورے کے دوران اونٹنی نے خاتون سوار کو زمین پر پٹخک دیا جس پر متاثرہ خاتون نے مقدمہ دائر کرا دیا۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ مراکش کے ریگستان میں پیش آیا جہاں امریکا سے آنے والی خاتون سیاح اونٹنی کی سواری کے دوران زمین پر گر پڑی۔
خاتون نے بتایا کہ اس نے فیملی کے ہمراہ مراکش میں ٹور کمپنی کے ذریعے چھٹیاں منانے کا پروگرام بک کروایا اور وہ مراکش کے ریگستان میں سیر و تفریح کر رہی تھی، اس ٹور کے تمام تر انتظامات کی ذمہ دار ٹور کمپنی تھی۔
خاتون کے بقول اونٹنی پر سیر کے دوران اچانک صحرائی جہاز نے دوڑ لگا دی اور مجھے زمین پر بری طرح سے گرا دیا جس سے ہاتھ کی ہڈی ٹوٹ گئی، واقعے پر ایمبولینس طلب کی گئی تاہم ایک گھنٹے تک ایمبولنس نہیں پہنچی اور ٹور کمپنی کا مالک گاڑی لے کر پہنچ گیا اور اسپتال منتقل کیا۔
مدعی کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد پتہ چلا کہ اونٹنی حاملہ تھی اور ایک ماہ بعد اس کے ہاں بچے کی پیدائش تھی۔
ایالا نامی خاتون نے الزام لگایا کہ ٹورکمپنی نے حفاظتی اقدامات نہ کر کے معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے جس پر ان کے خلاف کارروائی کی جائے۔