بیجنگ: (روزنامہ دنیا) چین میں طیارے کے انجن میں سکے پھینکنے والے مسافر کو بھاری جرمانے کی سزا سنا دی گئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق چین کے صوبے انہوئی کے ضلع یگزیو کی عدالت نے لیو چاؤ نامی مسافر کو سزا سنائی، یہ شخص پہلی بار ہوائی سفر کر رہا تھا اور طیارے میں سوار ہوتے ہوئے دقیانوسی خیالات کے تحت خوش قسمتی کیلئے اس نے سکے انجن میں پھینکنے کا اعتراف کیا تھا۔
سکے پھینکنے کی وجہ انچنگ سے کونمینگ جانے والی پرواز کو منسوخ کر دیا گیا تھا اور فضائی کمپنی کو مسافروں کی رہائش کے انتظامات کرنا پڑے جس پرایک لاکھ 23 ہزار یوآن خرچ ہوئے۔ عدالت نے لیو چاؤ کو ایک لاکھ 20 ہزار یوآن (26 لاکھ پاکستانی روپے) کمپنی کو ادا کرنے کا حکم دیا تاہم اس کی مالی حالت دیکھتے ہوئے 459 یوآن کے عدالتی اخراجات معاف کر دئیے۔