بہاول پور کے ہنر مند نے پی وی سی پائپ میں‌ کشیدہ کاری کر کے دلکش لیمپ بنا ڈالے

Last Updated On 14 January,2020 12:42 pm

لاہور: (دنیا نیوز) ہنر ہو تو ایسا کہ جو دیکھے حیران رہ جائے، بہاول پور کے ہنر مند نے پلاسٹک پائپ پر دیدہ زیب اور خوبصورت کشیدہ کاری کر کے لیمپ بنا ڈالے، چھتوں پر بھی نفیس ڈیزائینگ کرکے ست رنگی برقی قمقموں سے سجا ڈالا۔

بہاول پور کے ہنر مند نے پی وی سی پلاسٹ پائیپ اور پلاسٹک شیٹ پر ایسی کاریگری دکھائی کہ ہر کوئی دیکھتا ہی رہ جائے، کاریگر کے ہاتھوں نے پائپ پر خوبصورت نقش و نگار کی کشیدہ کاری کرکے جدید ڈیزائن کے لیمپ بنا ڈالے۔

پلاسٹک شیٹ پر بھی نفیس نقش بنا کر رنگ برنگے برقی قمقموں سے کمرے کی چھتوں کو ایک نیا انداز بھی دے ڈالا۔ دنیا کے مختلف ممالک چین، ایران اور ترکی سمیت دیگر میں اس طرح کا کام مشینوں پر کیا جاتا ہے لیکن پاکستان میں پہلی مرتبہ انسانی ہاتھوں سے کیے گئے کام کو متعارف کرایا گیا ہے۔

ہنرمندی کے شاہکار کو جس نے بھی دیکھا تعریف کیے بغیر نہ رہ سکا، نوجوانوں کو ہنر مند بنانا تو موجودہ حکومت کا ویژن ہے لیکن کیا ہی اچھا ہو کہ جن کے پاس پہلے سے اس طرح کے ہنر موجود ہیں انہیں بھی حکومتی سرپرستی دی جائے تاکہ ہنر مندوں کی مدد کے ساتھ ساتھ مقامی ہنر کو پاکستان بھر میں متعارف کرایا جاسکے۔