سڈنی: (روزنامہ دنیا) آسٹریلیا میں ایک کتے نے سینکڑوں بھیڑوں کو جنگل میں لگی خوفناک آگ میں جلنے سے بچالیا جسے دنیا نے ہیرو کے لقب سے نوازا ہے۔
آسٹریلیا میں گزشتہ کئی ماہ سے خوفناک آگ بھڑکی ہوئی ہے جس سے اب تک کروڑوں جانور ہلاک ہوچکے ہیں لیکن ایک کتا چند سو بھیڑوں کو بچانے میں کامیاب ہوگیا ہے۔
پیٹسی نامی کتا اپنے مالک کے ساتھ کھیتوں میں تھا کہ اس نے اپنے مالک کو کھیت کی آگ بجھاتے دیکھا جبکہ دوسرے کھیت میں بھیڑوں کا ایک جھنڈ قریب آتی آگ سے پریشان تھا اور انہیں بچانے والا کوئی نہیں تھا۔
پیٹسی یہ منظر دیکھتے ہی دوسرے کھیت میں داخل ہوگیا اور بھیڑوں کے گرد چکر لگا کر انہیں ایک جانب دھکیلنے لگا، اس طرح کتے نے تمام بھیڑوں کو آگ سے بچا کر ایک محفوظ جگہ منتقل کر دیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق جب کتے کا مالک اس جانب متوجہ ہوا تو دونوں نے مل کر نہ صرف بے زبان بھیڑوں کو بچالیا بلکہ جہاں وہ موجود تھیں اس کھیت کو بھی آگ سے بچانے میں کامیاب ہوگئے، یہاں تک کہ مالک اور اس کے پالتو کتے نے مل کر فارم ہاؤس میں موجود ایک چھوٹا گھر اور وہاں موجود اناج وغیرہ کو بھی آگ سے بچالیا۔