عدالت کی رحمدلی، پیسے چرانے پر چور کو 3 ماہ قید کی سزا

Last Updated On 10 January,2020 07:14 pm

دبئی: (ویب ڈیسک) دنیا بھر میں چوری کے متعدد ایسے کیسز ہوتے ہیں جن پر یقین کرنا مشکل ہو جاتا ہے، کچھ لوگ ذریعہ معاش کے لیے چوری کرتے ہیں تو کچھ لوگ مجبوری میں یہ قدم اٹھا لیتے ہیں، اسی حوالے سے ایک خبر متحدہ عرب امارات سے آئی ہے جہاں پر عدالت نے رحمدلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے غیر ملکی چور کو کم سزا سنائی۔

 خبر رساں ادارے کے مطابق عجمان کرمنل کورٹ میں چوری کیس کی سماعت ہوئی جس میں عدالت کو بتایا گیا کہ ملزم نے بیمار ماں کیلئے کار سے پیسے چرائے اور اس پر جرم بھی ثابت ہو گیا ہے تو عدالت نے رحمدلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملزم کو صرف 3 ماہ قید کی سزا سنا دی۔

عدالتی ریکارڈ میں بتایا گیا کہ ایشیائی شخص نے ایک کمپنی کی کار سے 7 ہزار 5 سو درہم چوری کیے جس میں ایک ہزار درہم والدہ کے علاج کی غرض سے فوری طور پر اپنے ملک بھیجے اور باقی رقم خرچ کرنے کی بجائے اسے صحرائی علاقے میں کہیں دفن کر دیا۔

کار ڈرائیور کا کہنا تھا کہ وہ کمپنی کے سامنے کچھ ضروری دستاویزات لینے کے لیے گاڑی کا انجن چلتا چھوڑ کر چند لمحوں کے لیے اندر گیا تھا اور واپسی میں دیکھا کہ پیسوں سے بھرا بیگ غائب ہے جس پر مقامی پولیس سٹیشن کو شکایت درج کرائی۔

پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزم کی تلاش کر کے اسے گرفتار کیا اور دوران تفتیش ملزم نے اعتراف جرم کرتے ہوئے بتایا کہ بیمار والدہ کے لیے پیسے چوری کیے تھے۔
 

Advertisement