لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سمیت دنیا بھر میں ٹیلکم پاؤڈر کو جسم پر لگایا جاتا ہے، تاہم ایک حیران کن خبر ٹیلکم پاؤڈر کے حوالے سے آئی ہے جس نے سب کو پریشان کر ڈالا ہے، یہ خبر برطانیہ سے آئی ہے جہاں ایک ایسی خاتون ہے جو ٹیلکم پاؤڈر کھاتی ہے۔ اس لت میں مبتلا ہوئے 15 سال گزر چکے ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے ’’میل آن لائن‘‘ کے مطابق 44سالہ خاتون کا نام لیزا اینڈرسن ہے اور اب تک وہ 8ہزار پاﺅنڈ (تقریباً 16لاکھ 20ہزار روپے) مالیت کا ٹیلکم پاﺅڈر خرید کر کھا چکی ہے۔ وہ اس لت میں اس بری طرح مبتلا ہے کہ ایک دن میں پاﺅڈر کی ایک بوتل تک ختم کر دیتی ہے۔ اسے اس کا کوئی نقصان نہیں ہوا۔وہ 5بچوں کی ماں ہے اور طلاق یافتہ ہے۔
خاتون کا کہنا تھا کہ میں دن میں کئی کئی بار اپنے ہاتھوں پر ٹیلکم پاﺅڈر لگاتی ہوں اور ایسا کرتے وقت کچھ مقدار پھانک بھی لیتی ہوں۔ حتیٰ کہ رات کے وقت بھی مجھے پاﺅڈر کھانے کی طلب ہوتی ہے۔ میں اپنے سابق شوہر سے چوری پاﺅڈر کھاتی تھی۔ میں رات جو بار بار اپنے شوہر سے چوری باتھ جاتی اور پاﺅڈر کھاتی تھی اور وہ مجھ سے پوچھتا تھا کہ تم بار بار باتھ روم کیوں جاتی ہو
رپورٹ کے مطابق اب جا کر لیزا نے ڈاکٹروں سے رجوع کیا جنہوں نے اسے بتایا کہ وہ پی آئی سی اے نامی عارضے میں مبتلا ہے۔ یہ ایسا عارضہ ہے جس میں مبتلا شخص ایسی چیزیں کھانے لگتا ہے جو کھانے کی نہیں ہوتیں، مثال کے طور پر پینٹ، مٹی وغیرہ۔
لیزا کا کہنا تھا کہ 15 سال قبل میں نے پاﺅڈر کھانا شروع کیا اور ان سالوں میں اب تک پاﺅڈر کھائے بغیر میں نے زیادہ سے زیادہ دو دن گزارے ہوں گے ورنہ میں روزانہ دن میں کئی بار پاﺅڈر کھاتی آ رہی ہوں۔ جانسنز بے بی پاﺅڈر میرا پسندیدہ پاﺅڈر ہے جو میں سب سے زیادہ کھاتی ہوں۔