ٹوکیو: (ویب ڈیسک) دنیا بھر میں اکثر منچلے نوجوان شادی کی پیشکش نرالے انداز میں کرتے ہوئے سب کی نظروں میں آ جاتے ہیں، اسی طرح کی ایک خبر جاپان سے آئی ہے جہاں پر ایک ارب پتی شخص نے اشتہار دیا ہے، ایسی گرل فرینڈ کے لیے آن لائن اشتہار جاری کیا ہے جو ان کے ساتھ خلائی راکٹ میں چاند کے گرد چکر لگا سکے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق یوساکو میزاوا جنہوں نے حال ہی میں جاپانی اداکارہ کے ساتھ تعلق ختم کرنے کا اعلان کیا تھا اب 20 اور اس سے زائد سال کی خواتین کے لیے درخواستیں وصول کر رہے ہیں جو اپنی زندگی بھرپور طریقے سے جینا چاہتی ہیں۔ رشتہ ڈھونڈنے کا یہ عمل ایک ویب سٹریمنگ سروس کے لیے ایک ٹی وی شو کی شکل اختیار کر چکا ہے۔
اے ایف پی کے مطابق یوساکو میزاوا، جن کے دو خواتین سے تین بچے ہیں، نے اشتہار میں کہا ہے کہ میں نے بالکل ویسے ہی زندگی جی ہے جیسا کہ میں چاہتا تھا۔ اب میں 44 سال کا ہوں، اکیلے پن اور اداسی کی ایک لہر میرے اندر آہستہ آہستہ سرایت کر رہی ہے تو اب صرف ایک ہی چیز کے بارے میں سوچتا ہوں اور وہ ہے ایک عورت کو چاہتے رہنا۔
یوساکو میزاوا کے ساتھ چاند پر جانے کے لیے درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 17 جنوری 2020 ہے۔ وہ درخواست دینے والی خواتین کے ساتھ ملاقات کر کے مارچ کے آخر میں اپنا حتمی فیصلہ سنائیں گے۔
[WANTED!!!]
— Yusaku Maezawa (MZ) 前澤友作 (@yousuck2020) January 12, 2020
Why not be the ‘first woman’ to travel to the moon?#MZ_looking_for_love https://t.co/R5VEMXwggl pic.twitter.com/mK6fIJDeiv
آن لائن فیشن کمپنی ’زوزو‘ کے سابق چیف میزاوا نے اپنی کمپنی، یاہو جاپان کو گذشتہ سال فروخت کردی تھی۔ وہ 2023 یا اس کے بعد ذاتی حیثیت میں چاند کی جانب سفر کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔